Bismillah

621

۱۹تا۲۵ربیع الاول۱۴۳۸ھ   بمطابق۸تا۱۴دسمبر۲۰۱۷ء

حقوق الوالدین(قسط۸)

حقوق الوالدین(قسط۸)

شفیق الرحمن

(شمارہ 613)

والدین کی نا فرمانی بڑے کبیرہ گناہوںمیں سے ہے

عن عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ قال:’’ قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم الکبائر: الا شراک باللہ، وعقوق الوالدین، وقتل النفس، والیمین الغموس۔‘‘ (رواہ البخاری)

حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

 ’’کہ بڑے گناہ یہ ہیں۔‘‘

(۱) اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا۔

(۲) والدین کی نافرمانی کرنا۔

(۳)کسی جان کو قتل کردینا(جس کا قتل کرنا شرعاً قاتل کے لیے حلال نہ ہو)۔

(۴) جھوٹی قسم کھانا۔

فائدہ: کبیرہ گناہوں کی فہرست طویل ہے۔

اس حدیث میں ان گناہوں کا ذکر ہے جو بہت بڑے ہیں، ان میں شرک کے بعد ہی’’عقوق الوالدین‘‘ کو ذکر فرمایا ہے۔

لفظ ’’عقوق‘‘ میں بہت عموم ہے، ماں باپ کو کسی بھی طرح سے ستانا، قول سے یا فعل سے ان کو ایذا دینا، دل دکھانا، نا فرمانی کرنا، حاجت ہوتے ہوئے ان پر خرچ نہ کرنا، یہ سب عقوق میں شامل ہے۔

اللہ تعالیٰ کے نزدیک جو محبوب ترین اعمال ہیں ان میں بر وقت نماز پڑھنے کے بعد ماں باپ کے ساتھ حسنِ سلوک کا درجہ بتایا ہے(دیکھو حدیث نمبر۱) بالکل اسی طرح بڑے بڑے کبیرہ گناہوں کی فہرست میں شرک کے بعد ماں باپ کے ستانے اور ان کی نا فرمانی کرنے کو شمار فرمایا ہے، ماں باپ کی نافرمانی اور ایذا رسانی کس درجے کا گناہ ہے، اس حدیث سے صاف واضح ہے۔

وہ شخص ذلیل ہو جسے ماں باپ نے جنت میں داخل نہ کرایا

عن ابی ھریرہ رضی اللہ عنہ قال:’’ قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: رغم انفہ، رغم انفہ، رغم انفہ، قیل:

’’من یارسول اللہ ؟‘‘

 قال:

’’ من ادرک والدیہ عند الکبیر احدھما او کلیھما ثم لم یدخل الجنۃ۔ ‘‘  (رواہ مسلم)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے(ایک مرتبہ) ارشاد فرمایا:

 ’’کہ وہ ذلیل ہو، وہ ذلیل ہو۔‘‘

’’عرض کیا گیا:‘‘

کون یا رسول اللہﷺ؟

  آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا:

’’جس نے اپنے ماں باپ کو یا دونوں میں سے کسی ایک کو بڑھاپے کے وقت میں پایا، پھر(ان کی خدمت کرکے) جنت میں داخل نہ ہوا۔‘‘

فائدہ: پہلے معلوم ہو چکا ہے کہ ماں باپ کی خدمت اور ان کے ساتھ حسن سلوک کرنا جنت میں داخل ہونے کا ذریعہ ہے اور’’عقوق الوالدین‘‘ یعنی ماں باپ کی نا فرمانی اور ایذا رسانی دوزخ میں جانے کا ذریعہ ہے، زندگی میں خصوصاً نو جوانی میں انسان سے بہت سے صغیرہ کبیرہ گناہ سرزد ہو جاتے ہیں، اور ماں باپ کی نا فرمانی بھی ہوجاتی ہے اگرکسی گناہ گار بندے کو بوڑھے ماں باپ میسر آجائیں یعنی اس کی موجودگی میں بوڑھے ہوجائیں تو گزشتہ گناہوں کے کفار کے لیے اور دوزخ سے آزاد ہوکر جتنی بننے کے لیے بوڑھے ماں باپ کی خدمت کو ہاتھ سے نہ جانے دے،اس کو داخلہ جنت کے لیے اکسیر جانے۔‘‘

جس شخص نے ماں باپ کو بوڑھا پایا، لیکن ان کی خدمت نہ کی، ان کی دعائیں نہ لیں، بلکہ ان کا دل دکھاتا رہا اور جوش جوانی میں ان کی طرف سے غفلت برتتا رہا جس کی وجہ سے دوزخ کا مستحق ہوگیا، تو ایسے شخص کے بارے میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  نے تین مرتبہ بد دعا دی اور فرمایا کہ یہ شخص (دنیا وآخرت میں) ذلیل وخوار ہو۔ 

’’لا جعلنا اللہ منھم۔‘‘

جس کے ماں باپ زندہ ہیں وہ ان کی زندگی کی قدر کرے اور ان کو راضی رکھ کر جنت کمالے۔

فرماں بردار اولاد کے لیے جنت کے اور نافرمان کے لیے دوزخ کے دروازے کھلے ہوئے ہیں

عن ابن عباس رضی اللہ عنہ قال:’’ قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: من اصبح مطیعا للہ فی والدیہ اصبح لہ بابان مفتوحان من الجنۃ وان کان واحدا فواحدا۔قال رجل:وان ظلماہ؟۔

قال:’’وان ظلماہ، وان ظلماہ، وان ظلماہ۔‘‘ (مشکوٰۃ المصابیح)

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

’’کہ جس شخص نے اس حال میں صبح کی کہ وہ اپنے والدین کے بارے میں اللہ کا فرماں بردار ہے(یعنی حکمِ شریعت کے مطابق ان کے ساتھ حسن سلوک کرتا ہے) تو اس کی اس حال میں صبح ہوئی کہ اس کے لیے جنت کے دو دروازے کھلے ہوئے ہوتے ہیں، اور اگر ماں باپ میں سے ایک موجود ہو اور اس کے بارے میں اللہ کی فرماں برداری کرتے ہوئے صبح کی ہو تو اس کی اس حال میں صبح ہوتی ہے کہ اس کے لیے جنت کا ایک دروازہ کھلا ہوتا ہے… اور جس شخص کی اس حال میں صبح ہوئی کہ وہ اپنے والدین کے بارے میں اللہ کا نا فرماں ہے( یعنی ماں باپ کے حقوق واجبہ کی ادائیگی نہیں کرتا)

(جاری ہے)

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
TAKWIR Web Designing (www.takwir.com) Copyrights Alqalam Weekly Online