Bismillah

694


۱۰رمضان المبارک۱۴۴۰ھ

ماحولیاتی آلودگی اور صحت ، اسلامی تناظر میں (محمد اسرار)

ماحولیاتی آلودگی اور صحت ، اسلامی تناظر میں

محمد اسرار (شمارہ 479)

اسلام ماحول کے تحفظ کا حکم دیتا ہے۔ ظلم اور فضول خرچی سے منع کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

{و لاتفسدوا فی الارض} (البقرہ ۔۶۰) 

اور تم زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو۔ اسی طرح توازن سے بے پروا ہوکر ماحول کے استعمال میں سرکشی سے منع کرتا ہے اور ہر ایسے فساد سے جو حیوانات اور نباتات کی تباہی کا موجب ہو، اسلام اس سے سختی سے روکتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

{و لا تبغ فی الارض الفساد} (البقرہ ۔۲۲۲) 

اور تم زمین میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کرو۔

{و اذا تولی سعی فی الارض لیفسدفیھا و یھلک الحرث و النسل} (البقرہ۔۲۲۲) 

اور جب وہ پلٹتا ہے تو زمین میں فساد برپا کرتے ہوئے کھیتوں اور نسل کو تباہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، حالاں کہ اللہ تعالیٰ کو فساد پسند نہیں ہے۔

دوسری طرف اسلام ماحول کی اصلاح اور ترقی میں مفید ہر کام کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ شجرکاری سے ماحول صاف ستھرا رہتا ہے۔ حضرت خزیمہ بن ثابت ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا: ’’مسلمان جب بھی کوئی پودا لگاتا ہے یا کھیتی کو بوتا ہے اور پھر اس میں سے کوئی انسان یا جانور یا کوئی اور چیز کھاتی ہے تو اسے ضرور اجر ملتا ہے‘‘۔ (مسند شافعی‘ صحیح ابن حبان )

اسلام ہر اس چیز سے جو کسی بھی شکل میں ماحول کو آلودہ کرے، اسے منع کرتا ہے اور اسے صاف ستھرا رکھنے کا حکم دیتا ہے۔ حضرت معاذ بن جبل ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا: لعنت کی تین باتوں سے بچو۔پانی پینے کے مقامات، راستے کے درمیان اور سایہ میں پاخانہ کرنے سے بچو۔(ابودائود) اسی طرح ارشاد نبوی ؐ ہے: ’’راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا نیکی ہے‘‘۔ (ابودائود) حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ؐ نے فرمایا: {الإیمان بضع و سبعون شعبۃ و أدناھا إماطۃ الأذی عن الطریق}  ایمان کی ستر سے زیادہ شاخیں ہیں ان کا آخری درجہ راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹادینا ہے۔ حضرت ابوذر ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا: ’’میرے سامنے میری امت کے اچھے اور برے سب عمل پیش کیے گئے تو میں نے اس کے جو اچھے عمل دیکھے ان میں راستے سے دور کی جانے والی ایذا رساں چیز تھی، اور اس کے برے کاموں میں تھوکا ہوا بلغم تھا جو مسجد میں پڑا رہتا ہے، اسے دفن نہیں کیا جاتا‘‘۔ (مسلم )

اسی طرح اسلام انسان کو مناسب تفریح اور حسب ضرورت آرام کرنے کی ترغیب دیتا ہے کیوں کہ یہ دوبارہ کام کرنے اور صحت کی حفاظت میں معاون ہوتے ہیں۔ حضرت حنظلہ بن ربیع ؓ سے روایت ہے کہ آپؐ نے فرمایا: ’’اے حنظلہ! گھڑی گھڑی کی بات ہوتی ہے‘‘۔ حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا: ’’جس چیز کا اللہ تعالیٰ کے ذکر سے تعلق نہیں ہے، وہ سراسر فضول، تماشا اور بھول ہے صرف چار باتوں کے سوا ........ اور آپ ؐ نے مرد کا اپنی بیوی سے دل لگی کرنے کا ذکر کیا‘‘۔ (طبران فی معجم الکبیر )

اسلام کی نظر میں صحت اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جو اس نے اپنی بندوں کو عطا کی ہے، بلکہ یہ ایمان کے بعد سب سے بڑی نعمت ہے، اس لیے ایک طرف تو اس نعمت کا شکر ادا کرنا چاہیے تو دوسری طرف اس کا تحفظ بھی کرنا چاہیے؛ کیوں کہ صحت اللہ تعالیٰ کے سامنے ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ رسول اللہ ؐ   فرماتے ہیں: ’’قیامت کے روز، محاسبہ کے وقت، سب سے پہلے بندہ سے یہ کہا جائے گا کہ کیا میں تجھے جسمانی صحت نہیں دی تھی؟ اور تجھے ٹھنڈے پانی سے سیراب نہیں کیا تھا‘‘؟ (ترمذی ) دوسری جگہ ارشاد ہے: ’’قیامت کے روز چار باتوں کا پوچھے بغیر کسی انسان کے قدم نہیں ہلیں گے۔ اس کی عمر کے بارے میںکہ اس سے اس نے کس کام میں کھپایا؟ اور اس کے علم کے بارے میں کہ اس پر اس نے کیا عمل کیا؟ اس کے مال کے بارے میں کہ اس نے اس سے کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا؟ اور اس کے جسم کے بارے میں کہ اس سے اس نے کس کام میں صرف کیا‘‘؟ (ترمذی ابن حبان)

اس لیے ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ اس نعمت کی حفاظت کرے اور اس کا غلط استعمال کرکے اسے تبدیل کرنے یا بگاڑنے سے پرہیز کرے۔ اس نعمت کی حفاظت کی صورت یہ ہے کہ اس کی پوری نگاہ داشت کی جائے اور اس کے بقا اور بہتری کے لیے ہر ضروری کوشش کی جائے۔ مسلمان کو ہر وہ عمل ضرور انجام دینا چاہیے جو ماہر اطبا کے فیصلے کے مطابق صحت کے بچائو اور فروغ کے لیے مفید ہو۔

اس لئے اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہم ماحولیاتی آلودگی سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ جوکہ آئے روز نت نئے وبائی امراض وائرس کا سبب بنتے ہیں۔

٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
Rangonoor Web Designing Copyrights Khabarnama Rangonoor