گوشۂ مکتوب خادم۔ 617

gosha e maktoob e khadim

گوشۂ مکتوب خادم

(شمارہ 617)

مکتوبِ خادم    (30.10.2017)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ..

اللہ تعالیٰ ہمیں"علم نافع" عطاء فرمائیں..سیدالاستغفار کا ترجمہ پیش خدمت ہے(اللہم) یااللہ (انت ربی) آپ میرے رب ہیں (لا الہ الا انت) آپ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں(خلقتنی) آپ نے مجھے پیدا فرمایا (وانا عبدک) اور میں آپ کا بندہ ہوں..(وانا علی عہدک ووعدک) اور میں آپ کے عہد اور وعدے پر قائم ہوں(ما استطعت) جتنی میری استطاعت ہے..یعنی میں آپ کے دین، آپ کی شریعت اور آپ کے اخروی وعدوں پر ایمان رکھتا ہوں(اعوذبک من شر ما صنعت) میں اپنے اعمال کے شر سے آپکی پناہ چاہتا ہوں(ابوء لک بنعمتک علی) میں آپ کے سامنے اپنے اوپر آپ کی نعمتوں کا اقرار کرتا ہوں(وابوء بذنبی) اور اپنے گناھوں کا اعتراف کرتا ہوں(فاغفرلی) آپ مجھے بخش دیجئے(فانہ لا یغفر الذنوب الا انت) یقینا آپ کے سوا کوئی گناھوں کو نہیں مٹا سکتا..کوئی مغفرت نہیں دے سکتا..سبحان اللہ!پوری دعاء ان الفاظ سے بھر پور ہے..جن الفاظ سے اللہ تعالی کی مغفرت ، رحمت اور شفقت برسنے لگتی ہے..اس میں کلمہ طیبہ بھی ہے"لا الہ الا انت"..پناہ بھی ہے..ذکر بھی ہے..دعاء بھی ہے..شکر بھی ہے، توبہ بھی ہے..اور اللہ تعالیٰ سے وفا داری کا اعلان بھی..اور اپنی کمزوری، عاجزی کا اقرار بھی..اس دعاء کا ہرجملہ ایسا ہے کہ انسان پر وجد طاری کردے ..بعض لوگ تو "اللھم انت ربی" کہہ کراس کودہراتے رہتے ہیں..اسی میں گم ہو جاتے ہیں کہ..میں بے سہارانہیں میرارب موجود ہے..اللہ،اللہ،اللہ..

والسلام

مکتوبِ خادم    (2.11.2017)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ..

اللہ تعالیٰ ہم سب کو "ایمان کامل" کی دائمی حلاوت نصیب فرمائیں..الحمدللہ "سیدالاستغفار" کی ترتیب خوب رہی..الحمدللہ لاکھوں مسلمانوں تک دعوت پہنچی..جن کو پہلے سے یاد تھا، جنہوں نے ابھی یاد کیا، جنہوں نے مضبوطی سے اپنے معمول کا حصہ بنایا..ان سب کو مبارکباد..بے شک یہ بیحد قیمتی نعمت اور سرمایہ ہے..اس ہفتے کا کام بہت اہم ہے..اکثر لوگ اس سے غافل ہیں..جمعہ کے دن جمعہ نماز کی پہلی اذان کے بعد خرید و فروخت ناجائز ہے..اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ترجمہ:اے ایمان والو!جب جمعہ کے دن نماز کے لئے اذان دی جائے تو اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ پڑو اور خرید و فروخت کو چھوڑ دو..یہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو(سورۃالجمعہ)اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کی ایک قوم کو ہفتے کے دن مچھلی کے شکار سے منع کیا..یہی اس قوم کی تجارت تھی..قوم والوں نے اللہ تعالیٰ کا حکم حیلے بہانے کرکے توڑ ڈالا..اللہ تعالیٰ نے انہیں بندر اور خنزیر بنا کر مارڈالا..ہم مسلمانوں کو تو صرف جمعہ کی اذان سے جمعہ نماز ختم ہونے تک تجارت وغیرہ سے روکا گیا..مگر ہم باز نہیں آتے..اب چہرے تو نہیں مگر دل مسخ کردئیے جاتے ہیں..اللہ تعالیٰ کے اس پورے حکم پر عمل کا پکا عزم کریں..ماضی کی غلطیوں پر توبہ کریں..اور سات مسلمانوں تک یہ دعوت پہنچائیں..مغرب سے جمعہ شریف، مقابلہ حسن، عمل آیۃ الکرسی مبارک..

والسلام

مکتوبِ خادم    (6.11.2017)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ..

اللہ تعالیٰ ہی "شفاء " عطاء فرمانے والے ہیں..اللہ تعالیٰ نے اسباب کے درجے میں جن چیزوں میں "شفاء " رکھی ہے ان میں سب سے بہتر اور سب سے مؤثر"حجامہ" ہے..اور حجامہ کے لئے بہترین وقت چاند کی سترہ، انیس اور اکیس تاریخ ہے..اور ان میں سب سے بہترین وہ سترہ تاریخ ہے جو منگل کے دن آجائے..حضرت شاہ ولی اللہؒ نے یہی تحقیق فرمائی ہے..آج بروز پیر 16صفر اور کل بروز منگل 17صفر ہے.. خیر خواہی کے لئے عرض کر دیا، اللہ تعالیٰ سب بیمار مسلمانوں کو"شفاء " نصیب فرمائے..

والسلام

خادم

لا الہ الااللہ محمدرسول اللہ

٭…٭…٭