Bismillah

640

۳تا۹شعبان المعظم ۱۴۳۹ھ  بمطابق ۲۰تا۲۶اپریل۲۰۱۸ء

حضرت لقمان رضی اللہ عنہ (قرآن کے سائے میں) 626

قرآن کے سائے میں

حضرت لقمان (رضی اللہ عنہ)

ماخوذ از قصص القرآن۔ مولانا حفظ الرحمٰن سیو ہارویؒ (شمارہ نمبر 626)

حکمتِ لقمان

گزشتہ سطور میں ذکر آچکا ہے کہ عرب میں حکمت لقمان کاکافی چرچا تھا اور وہ اکثر مجالس میں ان کے حکیمانہ اقوال کو نقل کرتے رہتے تھے، چنانچہ تابعین صحابہ بلکہ نبی اکرمﷺ سے بھی اس سلسلہ کے بعض اقوال منقول ہیں اور ان میں سے چند حسب ذیل ہیں:

۱) حکمت ودانائی مفلس کو بادشاہ بنادیتی ہے

۲) جب کسی مجلس میں داخل ہو تو اول سلام کرو پھر ایک جانب بیٹھ جاؤ اور جب تک اہل مجلس کی گفتگو نہ سن لو خود گفتگوشروع نہ کرو، پس اگر وہ خدا کے ذکر میں مشغول ہوں تو تم بھی اس میں سے اپنا حصہ لے لو اور اگر وہ فضولیت میں مشغول ہوں تو وہاں سے علیحدہ ہوجاؤ اور دوسری کسی عمدہ مجلس کو حاصل کرو۔

۳) اللہ تعالیٰ جب کسی کو امانت دار بنائے تو امین کا فرض ہے کہ اس امانت کی حفاظت کرے۔

۴) اے بیٹے! خدائے تعالیٰ سے ڈر اور ریاکاری سے خدا کے ڈر کا مظاہرہ نہ کرکہ لوگ اس وجہ سے تیری عزت کریں اور تیرا دل حقیقتاً گنہگار رہے۔

۵) اے بیٹے! جاہل سے دوستی نہ کر کہ وہ یہ سمجھنے لگے کہ تجھ کو اس کی جاہلانہ باتیں پسند ہیں اور دانا کے غصہ کو بے پرواہی میں نہ ٹال کہ کہیں وہ تجھ سے جدائی نہ اختیار کرلے۔

۶) واضح رہے کہ داناؤں کی زبان میں خدا کی طاقت ہوتی ہے ان میں سے کوئی کچھ نہیں بولتا مگر یہ کہ اس بات کو اللہ تعالیٰ اسی طرح کرنا چاہتا ہو۔

۷) اے بیٹے! خاموشی میں کبھی ندامت اُٹھانی نہیں پڑتی اور اگر کلام چاندی ہے تو سکوت سونا ہے۔

۸) بیٹا ہمیشہ شرسے دور رہو تو شرتم سے دور رہے گا اس لئے کہ شر سے ہی شر پیدا ہوتا ہے۔

۹) بیٹا غیظ وغضب سے بچو اس لئے کہ شدت غضب دانا کے قلب کو مردہ بنادیتی ہے۔

۱۰) بیٹا خوش کلام بنو،طلاقت وجہ اختیار کرو،تب تم لوگوں کی نظروں میں اس شخص سے بھی زیادہ محبوب ہو جاؤ گے جو ہروقت ان پر داد ودہش کرتا رہتا ہے۔

۱۱) نرم خوئی دانائی کی جڑ ہے۔

۱۲) جوبوؤ گے وہی کاٹو گے۔

۱۳) اپنے والدکے دوست کو محبوب رکھو۔

۱۴) کسی نے لقمان سے دریافت کیا کہ سب سے زیادہ صابر کون شخص ہے؟ کہا: جس کے صبر کے پیچھے ایذاء نہ ہو،پھر دریافت کیا: سب سے بڑاعالم کون ہے؟ جواب دیا: جودوسروں کے علم کے ذریعے اپنے علم میں اضافہ کرتا رہے۔پھر سوال کیا: سب سے بہتر آدمی کونسا ہے؟ فرمایا:’’غنی‘‘ سائل نے پھر کہا کہ غنی سے مالدار مراد ہے؟ جواب میں کہا: نہیں بلکہ غنی وہ ہے جو اپنے اندر خیر کوتلاش کرے تو موجود پائے ورنہ خود کو دوسروں سے مستغنی رکھے۔

۱۵) کسی نے دریافت کیا: بدترین انسان کون سا ہے؟ فرمایا: جو اس کی پرواہ نہ کرے کہ لوگ اس کو برائی کرتادیکھ کربراسمجھیں گے۔

۱۶) بیٹا !تیرے دسترخوان پر ہمیشہ نکوکاروں کااجتماع رہے تو بہتر ہے، مشورہ صرف علمائے حق سے ہی لینا۔

مواعظ

۱) انسان اگر نبی معصوم اور پیغمبر بھی نہ ہومگر حکمت ودانائی سے مشرف ہو تب بھی خدا کے نزدیک اس کامرتبہ عظیم الشان ہے، اس لئے حضرت لقمان کو یہ عزت ملی کہ خدائے تعالیٰ نے قرآن عزیز میں ان کی ثنا وتوصیف فرمائی اور امت مرحومہ کے لیے ان کی بعض ان نصائح اور وصایا کو نقل فرمایا جو انہوں نے اپنے بیٹے کو کی تھیں حتیٰ کہ قرآن کی ایک سورۃ ان کے نام سے منسوب ہوئی۔

۲) شرک باللہ تمام بھلائیوں کو مٹاکر انسان کو خدا کے سامنے خالی ہاتھ لے جاتا ہے اس لئے ہمیشہ اس سے پرہیز لازم ہے۔

شرک جلی کی طرح شرک خفی بھی اعمال انسانی کو اس طرح کھالیتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھالیتی ہے اور شرک خفی میں ریاو نمائش اور شہرت پسندی خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔

۳) والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کی عظمت کو اسلام میں اس درجہ اہمیت حاصل ہے کہ قرآن عزیز نے ان کو رب مجازی کہا ہے اور ان کی خدمت اور ان کے سامنے سرنیاز جھکادینے کو والدین کے اسلام وکفر دونوں حالتوں میں ضروری قراردیا ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر جگہ جگہ اپنے حق یعنی توحید باللہ کے ساتھ ساتھ حقوق والدین کا ذکر کیا اور اس کو تمام حقوق پر مقدم رکھا۔چنانچہ بنی اسرائیل میںارشاد ہے:

’’اور حکم کرچکا تیرا رب کہ اس کے سوا کسی کو نہ پوجو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو اگر پہنچ جائے تیرے سامنے بڑھاپے کو ان میں سے ایک یادونوں تو ان کو’’اف‘‘بھی نہ کہو اور نہ ان کو جھڑکو اور ان سے ادب کے ساتھ بات کرو اور ان کے سامنے عاجزی کے ساتھ کاندھے جھکادونیاز مندانہ طریقہ پر اور کہواے رب ان پر رحم کر جس طرح پالا انہوں نے مجھ کو چھوٹا سا تمہارا رب خوب جانتا ہے جو تمہارے جی میں ہے اگر تم نیک نفس ہوگے تو وہ رجوع ہونے والوں کو بخشتا ہے۔‘‘ (بنی اسرائیل پ ۱۵)

اور والدین کے ساتھ حسن سلوک سے متعلق احادیث تو بہت کثرت سے ذخیرۂ حدیث میں پائی جاتی ہیں حتیٰ کہ یہ کہا گیا ہے کہ’’ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے۔‘‘(نسائی)

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
TAKWIR Web Designing (www.takwir.com) Copyrights Alqalam Weekly Online