Bismillah

671

۲۸ربیع الاول تا۴ربیع الثانی۱۴۴۰ھ  بمطابق       ۷تا۱۳دسمبر۲۰۱۸ء

ماہِ ذی قعدہ کے فضائل و احکام ( محمد وقاص رفیعؔ)

ماہِ ذی قعدہ کے فضائل و احکام

 محمد وقاص رفیعؔ (شمارہ 652)

ماہِ ذی قعدہ (جو حج کا دوسرا مہینہ اور چار عظمتوں والے مہینوں میں سے ایک ہے) اسلامی تقویم کے اعتبار سے گیارہواں مہینہ کہلاتا ہے۔ اس مہینہ کی عظمت و فضیلت کے لئے یہی کچھ کافی ہے کہ اس میں عام طور پر دُنیا بھر سے ’’حج‘‘ جیسی عظیم الشان عبادت اداء کرنے کے لئے حجاجِ کرام حرمین شریفین کی طرف رخت سفر باندھ کر وہاں کی حاضری کی سعادت حاصل کرتے ہیں ، لیکن پھر بھی اللہ تعالیٰ نے ماہِ ذی قعدہ کو خصوصی شرف و فضیلت بخشی ہے اور اس کو اُن چار مہینوں میں شامل فرمایا ہے کہ جن کی عظمت و بزرگی اسلام سے پہلے بھی تھی اور اسلام کے بعد بھی ہے ، اور وہ چار مہینے یہ ہیں : (۱) ذی قعدہ (۲) ذی الحجہ (۳)محرم (۴) اور رجب ۔ ان مہینوں کی عظمت و بزرگی اسلام سمیت دوسرے آسمانی مذاہب میں بھی تسلیم کی گئی ہے ، یہاں تک کہ مشرکین مکہ کفر و شرک کی حالت میں بھی ان چاروں مہینوں کی عظمت و فضیلت کے کھلے دل سے قائل تھے ۔ اسلام کے آغاز تک ان چاروں مہینوں میں جہاں عبادت و طاعت کی خاص فضیلت تسلیم کی جاتی تھی تو وہیں ان میں جہاد و قتال وغیرہ کرنا بھی منع سمجھا جاتا تھا ، اور اسلام میں تو اب بھی ان مہینوں میں عبادت و طاعت کی فضیلت برقرار ہے ۔ چنانچہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’ترجمہ: جب سے اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کو پیدا کیا اُس وقت سے (لے کر آج تک) مہینوں کی تعداد اللہ تعالیٰ کے یہاں بارہ (۱۲) ہے ۔ ان میں سے چار مہینے (ذی قعدہ ، ذی الحجہ ، محرم اور رجب) عظمت و بزرگی والے ہیں ۔ یہی ہے سیدھا دین ۔ لہٰذا ان مہینوں میں اپنے اوپر ظلم مت کرو!…‘‘ (سورۂ توبہ : ۱۰/۳۶)

اور حدیث شریف میں حضرت ابو بکرۃؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہؐ نے ارشاد فرمایا :’’ جس دن سے اللہ تعالیٰ نے زمین و آسمان کو پیدا کیا اُس دن سے لے کر آج تک زمانہ اُسی حالت پر گھوم پھر کر واپس آگیا ( یعنی اب اس کے دنوں اور مہینوں میں کمی و زیادتی نہیں ہے جو زمانۂ جاہلیت میں مشرک کیا کرتے تھے، بلکہ اب وہ ٹھیک ہوکر اُسی طرز پر واپس آگیا ہے جس طرز پر اپنی ابتدائی اصلی صورت میں تھا ) ایک سال بارہ (۱۲) مہینوں کا ہوتا ہے ۔ ان میں چار مہینے عزت و حرمت والے ہیں ، جن میں تین مہینے تو مسلسل ہیں یعنی ذی قعدہ ، ذی الحجہ ،اور محرم، اور ایک مہینہ ( جو اِن سے علیحدہ آتا ہے ) وہ رجب کا ہے جو جمادی الاخریٰ اور شعبان کے درمیان واقع ہے۔ (بخاری )

حضرت سالم ؒ سے روایت ہے کہ : ’’حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ حرمت و عظمت والے چاروں مہینوں ( ذی قعدہ ، ذی الحجہ ، محرم اور رجب)میں روزے رکھا کرتے تھے۔ (مصنف عبد الرزاق)

امام نوویؒ نے بھی اپنے اصحاب کا یہ قول نقل کیا ہے کہ حرمت و عظمت والے ان چار مہینوں ( ذی قعدہ ، ذی الحجہ ، محرم اور رجب) میں روزے رکھنا مستحب روزوں میں سے ہے۔(المجموع شرح المہذب: ۶/۳۸۶)

اسی طرح امام نوویؒ ایک دوسری جگہ فرماتے ہیں کہ : ’’ ماہِ رمضان کے بعد سب سے زیادہ جن مہینوں میں روزے رکھنے کا ثواب ملتا ہے وہ یہی چار مہینے (ذی قعدہ ، ذی الحجہ ، محرم اور رجب) ہیں ۔‘‘ (روضۃ الطالبین:۲/۳۸۸)

قرآنِ مجید میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کا جو یہ واقعہ موجود ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو نئی شریعت اور کتاب دینے کے لئے کوہِ طور پر پہلے تیس (۳۰) راتوں کا اعتکاف کرنے کا حکم فرمایا اور پھر مزید دس (۱۰) راتوں کا اضافہ فرماکر کل چالیس (۴۰) راتیں مکمل ہونے پر اُن کو شریعت اور کتاب (تورات) عطاء فرمائی تو ان چالیس (۴۰) راتوں کے بارے میں حضرات مفسرین نے لکھا ہے کہ یہ چالیس (۴۰) راتیں ذو قعدہ کے پورے مہینے اور ذی الحجہ کے پہلے عشرے کی تھیں ۔چنانچہ امام ابن کثیرؒ لکھتے ہیں کہ : ’’حضرت موسیٰ علیہ السلام کے اعتکاف کی میعاد عید الاضحی کے دن پوری ہوئی تھی اور اسی دن آپ ؑ کو اللہ تعالیٰ سے ہم کلامی کا شرف نصیب ہوا تھا۔‘‘ (تفسیر ابن کثیرؒ: ۳/۴۲۱)

بعض جاہل اور اَن پڑھ لوگ ذی قعدہ کے مہینہ کو خالی کا مہینہ کہتے ہیں تو وہ شاید اس وجہ سے کہ یہ مہینہ اپنے سے پہلے اور بعد کے مہینوں کے برعکس عید الفطر و عید الاضحی وغیرہ سے خالی ہوتا ہے ،اورخالی کا مطلب وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس مہینہ میں کسی نیک عمل و طاعت کی بالکل ضرورت نہیں ، یہ خیال بالکل غلط ، فاسد اور سراسر جہالت اور لاعلمی پر مبنی ہے ، اس سے بچنا چاہیے!۔

اسی طرح بعض لوگوں کا یہ خیال بھی ہے کہ چوں کہ یہ خالی کا مہینہ ہوتا ہے اس لئے اس مہینہ میں نکاح اور اور شادی وغیرہ بھی نہیں کی جاسکتی کہ کہیں وہ خیر و برکت سے خالی نہ رہ جائے ، چنانچہ اکثر و بیشتر دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ ماہ شوال میں جلدی جلدی شادیاں کرکے فارغ ہوجاتے ہیں تاکہ کہیں ذی قعدہ کا مہینہ شروع نہ ہوجائے ،حالاں کہ ماہِ ذی قعدہ سنہ 5 ہجری میں رسول اللہؐ نے اُم المؤمنین حضرت زینب ؓ سے نکاح فرمایا تھا ۔ (البدایہ والنہایہ : ۴/۱۶۶) اسی طرح ماہِ ذی قعدہ سنہ 7 ہجری میں آپؐ نے حضرت میمونہؓ سے نکاح فرمایا تھا ۔ (سیر اعلام النبلاء: ۲/۲۳۹) الغرض ماہِ ذی قعدہ میں نکاح و شادی وغیرہ عبادات کرنے کو خیر وبرکت سے خالی سمجھنا یہ سب زمانۂ جاہلیت کی باتیں اور توہمات پرستیاں ہیں ، جن کا شریعت اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

اسی طرح بعض لوگوں میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ اگر ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو ماہِ ذی قعدہ کے شروع ہونے پر مبارک باد دے تو اُس پر جنت واجب ہوجاتی ہے ، اور اس فضیلت کو سن کر بعض جاہل و ناداں لوگ ماہِ ذی قعدہ کے آغاز پر ایک دوسرے کو زبانی ، تحریری اور ذرائع ابلاغ (جیسے مثلاً آج کل فیس بک ، وٹس اپ ، اور مسنجر وغیرہ ہیں( کے واسطہ سے مبارک باد دینا شروع کر دیتے ہیں ، سو! یاد رکھناچایئے کہ اس طرح کی کوئی بات بھی نہ شریعت میں وارد ہوئی ہے اور نہ ہی شریعت سے ثابت ہے، اس لئے ایسی توہم پرستی کی باتوں سے حتیٰ الامکان بچنا لازمی اور ضروری ہے۔

٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
TAKWIR Web Designing (www.takwir.com) Copyrights Alqalam Weekly Online