Bismillah

694


۱۰رمضان المبارک۱۴۴۰ھ

لیمو (وحید اللہ زیاد)

لیمو

وحید اللہ زیاد (شمارہ 694)

آج عصر کے بعد گھر سے نکلتے ہوئے بیگم صاحبہ نے آواز دی (ایک تو روزوں میں بھی اس مخلوق کا گلہ نہیں بیٹھتا)

"لیمو بھی لیتے آئے"

جب سے رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہوا ہے۔ ہم نے کفایت شعاری کے جملہ فوائد خود کو رَٹائے ہیں۔

عادت سے مجبور ہو کر بازار کا چکر تو لگاتے ہیں، فروٹ کے ٹھیلوں پر کچھ دیر رُک بھی جاتے ہیں، چند ایک چیزوں کے ریٹ بھی پوچھ لیتے ہیں اور پھر یہ کہہ کر وہاں سے کھسکتے ہیں کہ:

"افطاری اس کے بغیر بھی تو کی جا سکتی ہے"

آج بھی حسبِ معمول ہم گشت پہ نکلے، فروٹ اور تربوز والوں کے ساتھ کچھ دیر رُکے، ایک عدد سیب کو ہاتھ بھی لگایا (ابھی تک اس کی لمس کو ہم محسوس کر رہے ہیں ) ایک خربوزے کو اُٹھا کر سونگھا بھی، کافی میٹھی خوشبو تھی، معلوم ہوا آج ہی کھیت سے برآمد ہوا ہے۔

ایک طرف آم بھی پڑے تھے، پتہ چلا کہ "لنگڑے ہیں، کافی غور کے بعد بھی ہمیں اس کی چال میں کوئی نقص نظر نہ آیا پھر یہ نام کیسے پڑا؟ واللہ اعلم

اس کے بعد ہم واپس مڑنے کو تھے کہ لیمو یاد آیا۔

سبزی کے ایک ٹھیلے پر پہنچے، بڑے میاں کو سلام کیا، جواب نہ پا کر ہم کچھ شرمندہ تو ہوئے لیکن زیادہ محسوس نہیں کیا۔ جیب سے ایک سو کا کڑک دار نوٹ نکالا اور ایک شانِ بے نیازی سے اس کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا:

" لے چاچا ان سب پیسوں کے لیموں تول، اور ہاں موٹر سائیکل پر ہوں تو مہربانی کر کے شاپر ڈبل کر کے ڈال دے"

پتہ نہیں اس نیک انسان کو ہمارے معصوم چہرے میں کچھ نظر آیا، یا ہماری بات کو لطیفہ سمجھ بیٹھا، کچھ دیر تو وہ ہنستا رہا پھر چند چھوٹے چھوٹے لیموؤں کو اُٹھایا اور ہمارے سامنے کے جیب میں ڈال کر کہا:

" حافظ جی! شاپر واپر کے تکلفات میں کیوں پڑتے ہو، جیب میں ہی زیادہ محفوظ رہیں گے"

ہم اگلے لمحے کی منظر کشی سے بوجوہ عاجز ہیں کہ کس طرح منت سماجت سے اس گراں قدر تحفہ کو بصد احترام واپس کر کے اپنا سو روپیہ واپس کرانے میں کامیاب ہو سکے۔

٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
Rangonoor Web Designing Copyrights Khabarnama Rangonoor