Bismillah

694


۱۰رمضان المبارک۱۴۴۰ھ

نماز (نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی)

Naqsh-e-Jamal 681 - Mudassir Jamal Taunsavi - Namaz

نماز

نقش جمال .مدثر جمال تونسوی (شمارہ 681)

سورج کی حقیقت روشنی ہے

آگ کی حقیقت گرمی ہے

پھول کی حقیقت خوشبو ہے

رات کی حقیقت اندھیرا ہے

دن کی حقیقت اُجالا ہے

زندہ کی حقیقت سانس ہے

انسان کی حقیقت عقل و شعور ہے

فرشتوں کی حقیقت معصومیت ہے

آسمان کی حقیقت بلندی ہے

زمین کی حقیقت عاجزی ہے

اسی طرح ایک مومن کی حقیقت ’’نماز‘‘ ہے

وہی نماز جو نبی کریمﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے

وہی نماز جو مومن کی معراج ہے

وہی نماز جو مومن کی انیس ہے

وہی نماز جو ایمان کی پہچان ہے

وہی نماز جو کفراور شرک سے براء ت کا عملی اظہار ہے

وہی نماز جوعبدیت اور بندگی کا ثبوت ہے

وہی نماز جو اللہ اکبر کے اعلان سے شروع ہوتی ہے

اللہ سے بڑا کوئی نہیں، اللہ سے بڑھ کر کوئی نہیں

اللہ کے مقابل کوئی نہیں، اللہ کی مثل کوئی نہیں

ہاتھ اُٹھا کر اللہ تعالیٰ کی بڑائی کا عملی ا ظہار کیا

اور پھر ہاتھ نیچے لا کر تمام معبودانِ باطلہ کی، تمام نفسانی خواہشات اور باطل افکار کی نفی کردی

اللہ اکبر کہہ دیا، اللہ سب سے بڑا ہے

اسی لیے اب سب رشتہ ٹوٹ گیا

اب کسی اور سے بات نہیں کرنی

اب کسی اور کی طرف آنکھ اُٹھا کر نہیں دیکھنا

اب کسی اور کی آواز پر کان نہیں دھرنے

اب کسی اور کی طرف چل کر نہیں جانا

اب کسی اور سے ہاتھ نہیں ملانا

اب سب کچھ ’’اللہ‘‘

دیکھنا ہے تو اسی کو

سننا ہے تو اسی کی بات

بولنا ہے تو اسی کا نام و کلام

اب نقشہ یہ ہے :ان تعبد اللّٰہ کانک تراہ

تم اللہ تعالیٰ کی عبادت اس طرح کرو، کہ تم اُسے دیکھ رہے ہو

وہ تمہیں نظر آئے یا نہ آئے مگر تم نے اسے دیکھنا ہے

اور ہاں تم اسے دیکھ سکتے ہو

اس کی قدرت کے مناظر میں اسے دیکھو

اسی خلقت کے اشاروں میں اسے دیکھو

اپنے اوپر ہونے والے ہر لمحہ احسانات میں اسے دیکھو

ہاں اسے دیکھو

اس کی محبت کو دیکھو

اس کے انعامات کو دیکھو

اس کی رضاکو دیکھو

اُسی میں کھو جاؤ

اُسی کے ہو کر رہ جاؤ

اُسی کے بن جاؤ

اور جب پوری طرح اُس کے رنگ میں رنگ جاؤ

تواب ’’سلامتی‘‘ کا تحفہ لے کر واپس پلٹو

پختہ یقین رکھو کہ تمہیں تو سلامتی مل ہی گئی

مگر ساتھ والوں کو اس ’’ہدیے‘‘ میں شریک کر لو

دائیں طرف والوں سے بھی کہوالسلام علیکم و رحمۃ اللہ

بائیں طرف سے والوں سے بھی السلام علیکم و رحمۃ اللہ

ہاں واپس پلٹتے وقت یہ سلامتی اور رحمت بہت ضروری ہے

تاکہ اگر ہم سلامت رہیں، ہم زندہ رہیں اور اسی دوران اگلی نماز کا وقت ہوگیا

تو اس کی رحمت ہی اس نماز کی تک پہنچائے گی

اور پھر اِدھر اللہ اکبر کہو گے اور اُدھر اُس کی بارگاہ میں پہنچ جاؤ گے

کیسا عمدہ تحفہ ہے نماز

کیسی پیاری نعمت ہے نماز

دنیا کے بادشاہوں کی دربار میں جانا ہو تو کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں؟

مگر یہاں ! بس دو قدم ہیں: ایک قدم طہارت اور دوسرا قدم اللہ اکبر

بس فوراً اُس کی بارگاہ میں حاضری… الحمدللہ کتنی بڑی نعمت

پھر دنیا کے بادشاہوں کی دربار میں جاؤ تو کیا ملتا ہے؟

جو کچھ بھی مل جائے، مگر سلامتی اور رحمت کے برابر نہیںہوسکتا

یہ تو بس احکم الحاکمین ، رب العالمین کی درگاہ ہے جہاں سے لوٹو تو دنیا و آخرت کی سب سے بڑی نعمت ساتھ ملتی ہے: سلامتی اور رحمت

آئیے نماز اپنائیے، نماز سے تعلق بنائیے، نماز سے یاری لگائیے ، نماز سے دل لگائیے، اپنی حقیقت تک رسائی حاصل کیجیے، اپنی حقیقی اور دائمی زندگی کا سامان کیجیے۔

٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
Rangonoor Web Designing Copyrights Khabarnama Rangonoor