Bismillah

613

۲۲تا۲۸محرم الحرام۱۴۳۸ھ   بمطابق ۱۳تا۱۹اکتوبر۲۰۱۷ء

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی، سید علی گیلانی

(شمارہ 613)

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی، سید علی گیلانی

بھارت کے غیر قانونی قبضے کی وجہ سے ڈیڑھ کروڑ کشمیری مشکلات کی زندگی گزارنے پرمجبور ہیں، سیز فائر پر عملدرآمد کیا جائے، حریت رہنما

سرینگر(نیٹ نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے کی وجہ سے کشمیری انتہائی مشکلات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سرینگر میںجاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے اور بھارت نے گزشتہ ستر برس سے کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کو فوجی طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے۔حریت رہنما نے آر ایس ایس اوربی جے پی کے لیڈروں کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور نزاکت سے لاعلمی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر پانی کا کوئی بلبلہ نہیں جسے بھارت کی آئینی تتمہ سازیوں سے ہوا میں تحلیل کیا جاسکتا ہے۔ کشمیر ڈیڑھ کروڑ انسانی آبادی کا مسئلہ ہے جسے بھارت اپنی فوجی اور سیاسی چالبازیوں سے پچھلے 70برسوں میں دبانے میں ناکام ونامراد  ہے بزرگ رہنما نے بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان خدانخواستہ کوئی امکانی جنگ پورے برصغیر کی مکمل تباہی وبربادی کا باعث ہوسکتا ہے، اس لیے کوئی بھی ملک جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان حالات میں مسئلہ کشمیر کا حل نکالنے میں برصغیر کی عافیت موجود ہے۔بزرگ رہنما نے پاکستان کے حکمرانوں کو صلاح مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے ایک ذمہ دار فریق کی حیثیت سے اپنی سفارتی مہم کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے آگے بڑھائے اور نام نہاد جنگ بندی لائن پر صبر و ثبات سے کام لیتے ہوئے بھارت کی بلا اشتعال فوجی کاروائیوں کو بھی عالمی ایوانوں میں پیش کرکے بھارتی پروپیگنڈے کا موثر توڑ کرے جبکہ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان حل طلب دیرینہ مسئلہ کشمیر ہی کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔بھارت اور پاکستان کی سیاسی قیادت مخاصمانہ روئیے کو ترک کرکے کشمیر کے بنیادی تنازعے سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کوباہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔انہوںنے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کی بنیاد پر کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
TAKWIR Web Designing (www.takwir.com) Copyrights Alqalam Weekly Online