Bismillah

627

۱تا۷جمادی الاولیٰ۱۴۳۹ھ   بمطابق ۱۹تا۲۵جنوری۲۰۱۸ء

مبارک مناجات (رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے)

Rangonoor 623 - Mubarak Munajat

مبارک مناجات

رنگ و نور ۔۔۔سعدی کے قلم سے (شمارہ 623)

اللہ تعالیٰ کے عظیم انعامات میں سے… ایک انعام ’’تسبیح‘‘ ہے… ’’تسبیح‘‘ کہتے ہیں اللہ تعالیٰ کی شان اور پاکی بیان کرنے کو…

سُبْحَانَ اللّٰہ… سُبْحَانَ رَبِّی الْعَظِیْم… سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلیٰ… سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہِ… سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْم… وغیرہ

’’تسبیح‘‘ اللہ تعالیٰ کا وہ ذکر ہے… جس کی سلطنت سات آسمانوں کے اوپر تک پھیلی ہوئی ہے… اور قرآن عظیم الشان کی سات مبارک سورتوں کا آغاز تسبیح سے ہوتا ہے…

سَبَّحَ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمَاوَاتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ … ( وغیرہ)

حضرت سیدنا نوح علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو ’’تسبیح‘‘ کی تاکید فرمائی کہ… بیٹا! سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِہِ کو ہمیشہ لازم پکڑنا… یہ وہ کلمہ ہے جس کی برکت سے تمام مخلوق کو روزی ملتی ہے … حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے پاس ایک بڑے بالوں والا پرندہ لایا گیا… ارشاد فرمایا کہ اس نے تسبیح چھوڑ دی، اس لئے پکڑا گیا…

 

سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہ ، سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیْم… تسبیح میں گناہوں کی پاکی بھی ہے… صرف ایک سو بار ’’ سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحْمَدِہِ‘‘ پڑھا جائے تو سمندر کی جھاگ برابر گناہ معاف ہو جاتے ہیں… تسبیح میں جنت کی آبادی بھی ہے کہ ایک بار ’’سبحان اللّٰہ‘‘ پڑھنے سے جنت میں اپنی ملکیت کا ایک درخت لگ جاتا ہے، درخت بھی معمولی نہیں بلکہ صدیوں کی مسافت تک پھیلا ہوا … تسبیح میں حشر کے دن کا سامان بھی ہے… ارشاد فرمایا کہ … سبحان اللّٰہ آدھے میزان کو بھر دیتا ہے… اور باقی کو الحمد للّٰہ بھر دیتا ہے… ایک بزرگ کے پاس ایک شخص نے روزی کی تنگی کی شکایت کی… انہوں نے فرمایا ہر نماز کے بعد ’’سبحان اللہ‘‘ ایک سو بار پڑھو… وہ صاحب زندہ دل انسان تھے… زندہ دل وہ ہوتا ہے جس کے دل میں اللہ تعالیٰ کا ذکر ہو… اور جو دل کی توجہ سے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا ہو… انہوں نے دل کی توجہ سے یہ عمل شروع کیا مگر ایک ہفتہ بعد اُن بزرگوں کے پاس آ کر کہنے لگے کہ… یہ وظیفہ بند کرنے کی اجازت چاہتا ہوں کیونکہ اب تو زمین کے خفیہ خزانے بھی نظر آنے لگے ہیں… جو لوگ عقل مند ہوتے ہیں وہ خزانوں کا مالک بننے سے ڈرتے ہیں… کون سنبھالے، کون اتنی فکر اُٹھائے، کون اِتنا حساب دے، کون اتنے حقوق ادا کرے… انسان کی ضرورت تو کچھ مال سے پوری ہو جاتی ہے… اس سے زائد مال اس لئے ملتا ہے تاکہ انسان اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کے ذریعہ سے بڑے بڑے درجات حاصل کرے … اگر یہ نیت نہ ہو تو ضرورت سے زائد مال انسان کو مسلسل ڈستا رہتا ہے…ذلیل اور کمزور کرتا رہتا ہے… پاگل اور نااہل بنا دیتا ہے … بیماریوں اور مصیبتوں میں ڈال دیتا ہے … عرض یہ کر رہا تھا کہ تسبیح بڑی نعمت ہے… اللہ تعالیٰ جس بندے کو اس کی توفیق عطاء فرما دیں… یہ اللہ تعالیٰ کا اس بندے پر بڑا اِحسان ہوتا ہے …

قرآن مجید میں جگہ جگہ حکم دیا گیا ہے کہ… اللہ تعالیٰ کی ’’تسبیح‘‘ کرو… اور بتایا گیا ہے کہ ’’تسبیح‘‘ اللہ تعالیٰ کے مقربین کا وظیفہ ہے… ہر تسبیح بندے کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتی ہے…

سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہ ، سُبْحَانَ اللّٰہِ الْعَظِیمْ

قرآن مجید میں کئی جگہ اللہ تعالیٰ کی ’’تسبیح‘‘ ہے… کبھی فرشتوں کی زبانی اور کبھی انبیائِ کرام کی زبانی… اور کہیں کسی اور قرینے سے… بندہ کا یہ دل چاہتا تھا کہ… ایک ہی مجلس میں تسبیح کے یہ تمام مبارک اَلفاظ پڑھے… کیونکہ قرآن مجید کی ہرتسبیح میں الگ الگ روحانی خزانے مخفی ہیں…

مثلاً سورہ بقرہ میں فرشتوں کی تسبیح

سُبْحَانَکَ لَا عِلْمَ لَنَا اِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا اِنَّکَ اَنْتَ الْعَلِیْمُ الْحَکِیْمُ

اس تسبیح کو جو مسلمان بھی کثرت سے اپناتا ہے … اس پر علوم کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں… نفع دینے والا علم… برکت والا علم… اور بہت روشن علم…اور معلوم نہیں اس آیت میں مزید کتنے خزانے ہوں گے… اللہ تعالیٰ کے کلام کے فوائد و ثمرات بے شمار ہوتے ہیں… ایک ہی مجلس میں قرآن مجید کی تمام’’آیاتِ تسبیح‘‘ کا وِرد … یہ وہ شوق تھا جو آج ایک کتاب کی صورت میں میرے سامنے ہے… اللہ تعالیٰ اس کتاب کو نافع بنائے اور اسے قبول فرما کر میرے لئے مغفرت اور آخرت کا سرمایہ بنائے… اس کا نام ’’مبارک مناجات ‘‘ ہے… بندہ نے پہلے خود اس وظیفے کو اپنا وِرد بنایا… پھر مسلمانوں کے فائدے کے لئے اسے شائع کرنے کا ارادہ کیا… ماشاء اللہ ایسا مضبوط اور پُر تاثیر وظیفہ ہے کہ… پڑھتے ہی دل کی حالت بدل جاتی ہے اور دعاء کی قبولیت کا یقین ہونے لگتا ہے… اس میں کلمہ طیبہ بھی ہے، تسبیح بھی ہے، حمد بھی ہے اور استغفار بھی… اس وِرد کا مناسب طریقہ یہ ہے کہ باوضو پہلے چند بار درود شریف ، پھر ایک بار سورہ فاتحہ، تین بار سورہ اخلاص … اور اس کے بعد یہ وِرد کیا جائے اور آخر پھر درود شریف پڑھ کر اپنے مقاصد و حاجات کے لئے دعا ء کی جائے … اگر کوئی بڑا یا مشکل مسئلہ ہو تو دو رکعت نماز کے بعد چند بار درود شریف، سات بار سورہ فاتحہ، تین بار سورہ اخلاص پڑھ کر یہ وِرد کیا جائے اور دعاء کی جائے… جادو، جنات اور دیگر باطنی اَمراض میں مبتلا اَفراد کے لئے بھی یہ قرآنی وظیفہ اِن شاء اللہ بہت مفید رہے گا… جادو ان اونچی اور طاقتور چیزوں کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا … دُکھی دِل اور پریشان حال مسلمانوں کے لئے بندہ کی طرف سے یہ تحفہ حاضر ہے… امید ہے کہ خوب فائدہ اٹھائیں گے اور بندہ کو بھی اپنی دعاؤں سے نوازیں گے… اِس کتابچہ کی آمدن بھی ’’وقف فی سبیل اللہ‘‘ ہے… مکتبہ عرفان نے اسے شائع کیا ہے اور قیمت صرف بیس روپے رکھی ہے… اس کتابچے کا تعارف ملاحظہ فرمائیے…

تعارف

اللہ تعالیٰ قبول فرمائیں… ایک قیمتی تحفہ حاضر ہے… سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر…

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بِنِعْمَتِہٖ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ

یہ تحفہ کیسے تیار ہوا؟ آپ جانتے ہیں کہ تسبیح یعنی اللہ تعالیٰ کی پاکی بیان کرنے کے فضائل بے شمار… اور مقامات بہت اونچے ہیں… سُبْحَانَ اللّٰہ …سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِہ…ٖ سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ… لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَکَ …کچھ عرصہ سے بندہ کی توجہ اُن قرآنی آیات کی طرف بہت قوت کے ساتھ ہو رہی تھی جن میں… اللہ تعالیٰ کی تسبیح ہے… تلاوت کے دوران جب کوئی ایسی آیت آجاتی تو اُسے بار بار پڑھنے پر جی کرتا…

سُبْحَانَکَ لَا عِلْمَ لَنَا اِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا… سُبْحَانَ الَّذِیٓ اَسْریٰ بِعَبْدِہٖ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَی الْمَسْجِدِ الاَقْصٰی… سُبْحَانَ الَّذِی خَلَقَ الاَزْوَاجَ کُلَّھَا… فَسُبْحَانَ الَّذِی بِیَدِہٖ مَلَکُوتُ کُلِّ شَیْیٍ… فَسُبْحَانَ اللہِ حِیْنَ تُمْسُوْنَ وَ حِیْنَ تُصْبِحُونَ… سُبْحَانَ اللہِ وَ تَعَالیٰ عَمَّا یُشْرِکُون…َ سُبْحَانَ رَبِّکَ رَبِّ الْعِزَّۃِ عَمَّا یَصِفُونَ… وغیرہا

تب دل چاہا کہ ان تمام آیات کو ایک جگہ جمع کر لوں… اور قرآن مجید کے مبارک الفاظ میں’’تسبیح‘‘ پڑھا کروں… اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ استخارہ کے بعد اس کی توفیق مل گئی… ابتداء میں ارادہ تھا کہ بس اپنے معمول میں رکھوں مگر پھر … دوسروں کو بھی شریک کرنے کا ارادہ کر لیا کہ اہل دل اور اہلِ ذوق اس سے فائدہ اٹھائیں… جب تسبیح کی آیات جمع کر رہا تھا تو خیال ہوا کہ حمد والی آیات بھی جمع کر لی جائیں… حمد و شکر کا بڑا مقام اور بڑی فضیلت ہے…

تسبیح اور حمد کی آیات جمع ہو گئیں تو… دل چاہا کہ لا الہ ا لا اللّٰہ والی آیات کو بھی اس مبارک مجموعے میں شامل کر لیا جائے… ان آیات میں اہل دل اسمِ اعظم کی تاثیر دیکھتے ہیں …لا الہ الا اللّٰہ  والی آیات پہلے سے شائع ہوتی آ رہی ہیں… اُن کا جائزہ لیا تو اس میں بھی مزید کام کی ضرورت محسوس ہوئی… چنانچہ اُن آیات کو ازسرِ نو تلاش کر کے جمع کر لیا گیا… یہ تین تحفے جمع ہوئے تو دل چاہا کہ… قرآن پاک کے استغفار کو بھی شامل کر لیا جائے… وہ چونکہ الیٰ مغفرۃ کتاب میں موجود تھا تو… مزید محنت نہیں کرنی پڑی…

اب الحمدللہ چار موتیوں پر مشتمل یہ مبارک مجموعہ تیار ہو چکا ہے… اس کی تلاوت میں عجیب کیف ہے اور عجیب سرور ہے… اگر معانی پر غور کیا جائے تو مزید بہت کچھ ہاتھ آ جاتا ہے… مثلاً تسبیح کہاں کہاں پڑھی جاتی ہے… اور حمد کہاں کہاں… ان مبارک آیات کی تلاوت کے بعد دعاء  مانگی جائے تو اس میں قبولیت کی عجیب شان نظر آتی ہے… الحمدللہ کئی بار توفیق ملی اور ہر بار خوشی ملی… شک کی کیا گنجائش ہے؟ قرآن مجید سے بڑھ کر کس کلام میں تاثیر ہو سکتی ہے… اور پھر قرآن مجید کے الفاظ میں کلمہ طیبہ، تسبیح، حمد اور استغفار کا کیا مقام ہوگا؟ قرآن مجید کی تلاوت کے بعد دعاء کا قبول ہونا وارد ہے… اور بعض آیات پڑھ کر اُن کے بعد دعاء کا مانگنا بھی ثابت ہے… اس مختصر مگر بھاری کتابچے کی اشاعت پر دل خوش ہے… اور اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہے… عزیز مکرم مفتی عبید الرحمن صاحب… اس پورے کام میں شریک اور معاون رہے… جَزَاہُ اللہُ خَیْراً اَحْسَنَ الْجَزَاء … اللہ تعالیٰ اس مجموعے کو قبولیت عطا فرمائیں…

رَبَّنَا تَقَبَّل مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ العَلِیْمُ وَ تُبْ عَلَیْنَا اِنَّکَ اَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ آمِین یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِین …

لا الہ الا اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَ صَحْبِہٖ وَ بَارِکَ وَ سَلِّمَ تَسْلِیْمًا کَثِیْرًا کَثِیْرًا

لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ

٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
TAKWIR Web Designing (www.takwir.com) Copyrights Alqalam Weekly Online