Bismillah

659

۳تا۹محرم الحرام۱۴۴۰ھ  بمطابق    ۱۴تا۲۰ستمبر۲۰۱۸ء

خواتین اسلام سے رسول اکرمﷺ کی باتیں (شمارہ 651)

خواتین اسلام سے رسول اکرمﷺ کی باتیں

(شمارہ 651)

خواب کے آداب

فرمایا سید الکائنات فخرموجودات خاتم الانبیاء ﷺ نے کہ:

جب اپنا پسندیدہ خواب دیکھو تو اُسی سے بیان کر و جو تم سے محبت رکھتا ہے( بخاری)

اور جب بُرا خواب دیکھو تو تین بار بائیں تھتکار دواو ر کسی سے بیان نہ کرو اور کروٹ بدل دو اور تین بار اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم پڑھو اور  اس خواب کے شر سے پنا ہ مانگو۔(یعنی یہ پڑھو اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ شَرِّھٰذِہِ الرُّؤْیَا) ایسا کرنے سے یہ خواب ضرر نہ دے گا۔(مسلم)

سفر کے آداب

سفر کو روانہ ہوتے وقت چاررکعت (نفل نماز) پڑھ لیناچاہیے۔(مجمع الزوائد ،قال الھیثمی ص ۲۸۳ج۲ رواہ الطبرانی فی الکبیر ورجالہ موثقون)

 ہمارے پیارے رسول سرورعالمﷺ جمعرات کے دن سفر میں جانے کو پسند فرماتے تھے (بخاری)

اور تنہا سفر کرنے سے آپﷺ نے منع فرمایا ہے۔ بلکہ اگر دو آدمی ساتھ ہوں تب بھی سفر کرنے سے منع فرمایا:

اور اس کی ترغیب دی کہ کم ازکم تین آدمی ساتھ ہوں۔ (ترمذی، ابو دائود) اور چار ساتھی ہوں تو بہت ہی اچھا ہے۔( ابودائود ) اور فرمایا کہ جب سفر میں تین آدمی ساتھ ہوں تو ایک کو امیر بنالیں۔ (ابودائود)

اور فرمایا کہ سفر میں جس کے پاس اپنی ضرورت سے فاضل کھانے پینے کی چیزیں ہوں تو ان لوگوں کا خیال کرے جن کے پاس اپنا توشہ نہ ہو۔(مسلم)

 آپﷺ کی عادت شریفہ تھی کہ جب سفر سے واپس تشریف لاتے تو چاشت کے وقت مدینہ میں داخل ہوتے اور پہلے مسجد میں جا کر دو رکعتیں پڑھتے پھر( کچھ دیر) لوگوں کی ملاقات کے لیے وہیں تشریف فرمارہتے۔( اس پر مرد عمل کریں۔) (بخاری)

اور فرمایا کہ سفر میں اپنے ساتھیوں کا سردار وہ ہے جو ان کا خدمت گزار ہو جوشخص خدمت میں آگے بڑھ گیا کسی عمل کے ذریعہ اس کے ساتھی اس سے آگے نہیں بڑھ سکیں گے، ہاں اگر کوئی شہید ہوجائے تو وہ آگے بڑھ جائے گا(بیہقی)

سفر میں جن لوگوں کے پاس کتایا گھنٹی ہو انکے ساتھ( رحمت کے ) فرشتے نہیں ہوتے( مسلم)

جب سرسبزی کے زمانے میں جانوروں پر سفر کرو تو اونٹوں ( اور دوسرے جانوروں) کو ان کا حق دے دو جو زمین میں ہے( یعنی انہیں چَراتے ہوئے لے جائو)

 اور جب خشک سالی میں سفر کرو( جب کہ جنگل میں گھاس پھونس نہ ہو) تو رفتار میں تیزی اختیار کرو (تاکہ جانور جلدی منزل پر پہنچ کر آرام پالے)۔  (مسلم)

ایک اورروایت میں ہے کہ اس سے پہلے سفر ختم کردو کہ جانور بالکل بے جان ہوجائے۔(مسلم)

جانوروں کی پشتوں کو منبر نہ بنائو( یعنی ان پر سوار ہو کر کھڑے کئے ہوئے باتیں نہ کرو، کیونکہ اس سے جانور کو خواہ مخواہ تکلیف ہوتی ہے باتیں کرنی ہوں توزمین پر اتر جائو، جب چلنے لگو تو پھر سوار ہوجائو)۔ ( ابو دائود)

جب منزل پر اُتریں تو جانوروں کے کجاوے اور زینیں کھول دیں، بعد میں نفل نماز میں ( یا کسی اور کام میں مشغول ہوں) صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کا یہی عمل تھا) ابو دائود)

جانوروں کے گلے میں تانت نہ ڈالو(کیونکہ اس سے گلا کٹ جانے کا خطرہ ہے)۔ (بخاری و مسلم)

اور جب رات کو جنگل میں پڑائو ڈالو تو راستہ میں قیام کرنے سے پرہیز کرو کیونکہ رات کو طرح طرح کے جانور اور کیڑے مکوڑے نکلتے ہیں اور راستہ میں پھیل جاتے ہیں( مسلم)

 جب کسی منزل پر اتر و تو سب اکٹھے قیام کرو اور ایک ہی جگہ رہو اور دور دور قیام نہ کرو( ابو دائود)

سفر عذاب کا ایک ٹکڑا ہے تمہیں نیند سے اور کھانے پینے سے روکتا ہے، لہٰذا جب وہ کام پورا ہوجائے جس کے لیے گئے تھے تو جلد گھر واپس آجائو( بخاری ومسلم)

طہارت کے آداب

خاتم النبیینﷺ نے فرمایا کہ:

جب پاخانہ جائو پیشاب کے مقام کو داہنے ہاتھ سے نہ چھوئو اور داہنے ہاتھ سے استنجا نہ کرو(مسلم)

بڑا استنجاتین پتھروں( یا تین ڈھیلوں ) سے کرو(مسلم)

اس کے بعد پانی سے دھوئو( ابن ماجہ) جب پاخانہ جائو توقبلہ رُخ ہوکر اور قبلہ کو پشت کر کے نہ بیٹھو(بخاری)

جب پیشاب کرنے کا ارادہ کرو تو اس کے لیے(مناسب) جگہ تلاش کرو( ابو دائود) مثلا پردہ کا دھیان کرو اور ہوا کے رُخ پر نہ بیٹھو۔

 ٹھہرے ہوئے پانی میں جو جاری نہیں پیشا ب نہ کرو(بخاری) جیسے تالاب، حوض وغیرہ۔

 ٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

  • القلم کے گذشتہ شمارے و مضامین
  • کارٹون
TAKWIR Web Designing (www.takwir.com) Copyrights Alqalam Weekly Online