افادات اکابر۔ 534

 افادات اکابر

(شمارہ 534)

حلال و طیب مال کیلئے برکتیں

دنیا کا مال ودولت بالطبع مرغوب اور لذیذ ہے اور یہ ہر شخص کو خوش نما معلوم ہوتا ہے اور لوگ اسے حاصل کرنے اور سمیٹنے کے حریص نظر آتے ہیں اور پھر مال کمانے والوں کی دوقسمیں ہیں، بعض لوگ تو اس کوحق کے ساتھ لیتے ہیں کہ مال کمانے کے جو ذرائع حرام یا مکروہ ہیں، ان سے پرہیز کرتے ہیں بلکہ حلال و طیب کمائی پر اکتفاء کرتے ہیں اور مال کے کمانے میں شریعت کے احکام کا پوراپورا لحاظ رکھتے ہیں، ان لوگوں کے لئے تو یہ مال موجب برکت ہوگا۔ دنیوی برکت یہ کہ اس مال کو اللہ تعالیٰ کی عبادت و رضاجوئی،صدقہ و خیرات اور صلہ رحمی کا ذریعہ بنا دیا جائے گا اور اس سے حق تعالیٰ کے تعلق اور قرب میں اضافہ ہوگا، دنیوی آفات سے بھی محفوظ رہیں گے اور حرام راستوں میں ان کا مال خرچ نہیں ہوگا اور آخرت کی برکت یہ کہ وہ اجر وثواب کے مستحق ہوں گے۔(معارف نبوی ﷺ:ص۴۴۲)