افادات اکابر۔ 537

 افادات اکابر

(شمارہ 537)

نیک عمل پر خوش ہونا

اپنے نیک عمل پر خوش ہونے کی دوصورتیں ہیں: ایک یہ کہ آدمی اس کو اپنا کمال تصور کرے، یہ مذموم ہے، کیونکہ اس سے قلب میں عجب اور خود پسندی پیدا ہوگی اور دوسری صورت یہ ہے کہ اس نیک عمل کو مالک کا عطیہ سمجھے کہ میری اہلیت و استحقاق کے بغیر اس نے محض اپنے فضل و کرم سے ایک نیک عمل کی توفیق عطا فرمادی اور ایک ذرئہ ناچیز کو اپنے لطف و عنایت کا مورد بنالیا۔ حدیث سے معلوم ہوا کہ اپنے ایک نیک عمل پر خوش ہونا صحیح ہے اور یہ خوشی دراصل شکرِ الہٰی کا ایک مظہر ہے، اس لئے کہ اس صورت میں بندے کی نظر اپنے عمل پر نہیں بلکہ محض مالک کے انعام و احسان پر ہے اور اس سے اس کے دل میں غرور و پندار اور عجب وخود پسندی پیدا نہیں ہوگی، بلکہ اس کے خشوع اور عبدیت میں اضافہ ہوگا۔

(ازمعارف نبویﷺ:ص،۴۶۰)