Bismillah

694


۱۰رمضان المبارک۱۴۴۰ھ

خواتین اسلام سے رسول اکرمﷺ کی باتیں (شمارہ 653)

خواتین اسلام سے رسول اکرمﷺ کی باتیں

(شمارہ 653)

زمانہ کو برامت کہو کیونکہ اس کا اُلٹ پھیراللہ ہی کے قبضہ میں ہے۔(مسلم)

ہوا کوبرامت کہو۔( ترمذی)

بخار کو بھی براکہنا منع ہے۔(مسلم)

جب چھوٹے بچے کی زبان چلنے لگے تو اسے پہلے لا الہ الا اللہ کہلائو۔(حصن حصین)

اور سات سال کا ہوجائے تو اسے نماز سکھائو اور نماز پڑھنے کا حکم دو اور جب اولاد دس سال کی ہوجائے تو ان کو نماز نہ پڑھنے پر مارو اور ان کے بستر الگ الگ کردو۔ (ترمذی)

جب شام کا وقت ہوجائے تو اپنے بچوں کو( باہرنکلنے سے ) روک لو، کیونکہ اس وقت شیاطین پھیل جاتے ہیں، پھر جب رات کا ابتدائی کچھ وقت گزر جائے تو بچوں کو باہر جانے کی اجازت دے دو اور بسم اللہ پڑھ کر دروازے بند کردو، کیونکہ شیطان بند دروازے کو نہیں کھولتااور بسم اللہ پڑھ کرمشکیزوں کے منہ تسموں سے باندھ دو۔

 اور اللہ کا نام لے کر یعنی بسم اللہ پڑھ کر اپنے برتنوں کو ڈھانک دو، اگر ڈھانکنے کو کچھ بھی نہ ملے تو کم ازکم برتن کے اوپر چوڑائی میں ایک لکڑی ہی رکھ دو۔( بخاری و مسلم)

ایک روایت میں برتنوں کے ڈھانکنے اور مشکیزوں کا تسمہ لگانے کی وجہ یہ ارشاد فرمائی کہ سال بھرمیں ایک رات ایسی ہوتی ہے جس میں وبا نازل ہوتی ہے( یعنی عمومی مرض طاعون وغیرہ) یہ وبا جس ایسے برتن پر گزرتی ہے جس پر ڈھکن نہ ہو یا اسے مشکیزہ پر جو تسمے سے بندھا ہوا نہ ہو تو اس وبا کا کچھ حصہ ضرور اس برتن اور مشکیزے میں نازل ہوجاتا ہے۔ (مسلم)

 جب رات کو چلنا پھرنابند ہوجائے( یعنی گلی کوچوں میں آمدورفت بند ہوجائے ) تو ایسے وقت میں باہر کم نکلو، کیونکہ اللہ جلّ شانہ(انسانوں کے علاوہ ) اپنی دوسری مخلوق میں سے جسے چاہتے ہیں چھوڑ دیتے ہیں(یعنی شیاطین کوگھومنے کی آزادی دے دی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ پھیل جاتے ہیں)( شرح السنہ) واللہ اعلم

ان آداب کو خوب یاد کر لو اور عمل میں لائو،بچوں کو یاد کرائواور ان سے عمل کرائو، کھاتے پیتے اور سوتے اور اُٹھتے بیٹھتے وقت اور ہر موقع پر ان سے پوچھ گچھ کرو کہ فلاں چیز پر عمل کیا یا نہیں؟وباللہ التوفیق

زبان کے گناہوں کی تفصیل اور ان سے زبان کی حفاظت

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضوراقدسﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص میرے لیے اس چیز( کی حفاظت کا ) ضامن بن جائے جو اس کے دونوں جبڑوں کے درمیان ہے(یعنی زبان) اور جو اس کی دونوں رانوں کے درمیان ہے( یعنی شرمگاہ) تو میں اس کے لیے جنت کا ضامن ہوں( مشکوٰۃ المصابیح۱۴۱۱ ازبخاری)

اس حدیث پاک سے معلوم ہوا کہ زبان اور شرمگاہ کی حفاظت کرنابہت ضروری ہے جوشخص ان کی حفاظت کرے اس کو حضورﷺ نے جنت کے داخلہ کی ضمانت دی ہے۔

ایک دوسری حدیث میں ہے کہ حضوراقدسﷺ نے حضرات صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے فرمایا: کیاتم جانتے ہو لوگوں کو جنت میں کیا چیز سب سے زیادہ داخل کرانے والی ہے؟(پھر خود ہی جواب دیا کہ) اللہ سے ڈرنا اوراچھے اخلاق اختیار کرنا( سب سے زیادہ جنت میں داخل کرانے والی چیزیں ہیں) پھر فرمایا: کیا تم جانتے ہو لوگوں کو دوزخ میں سب سے زیادہ داخل کرانے والی کیا چیز ہے؟(اس کے بعد خود ہی جواب دیا کہ) سب سے زیادہ دوزخ میں داخل کرانے والی چیز منہ اور شرمگاہ ہے۔( مشکوٰۃ)

منہ یعنی زبان اور شرمگاہ کے گناہ بہت خطرناک ہیں ان دونوں کی حفاظت نہ کرنے سے دوزخ کے داخلہ کا سامان بن جاتا ہے اور دوزخ کے داخلہ کا زیادہ ترسبب انہی دوچیزوں کے اعمال ہوتے ہیں۔اعاذنا اللہ منہا

بہت سے لوگ شرمگاہ کی تو حفاظت کرلیتے ہیں مگر زبان کی حفاظت میں بہت کوتاہی اور کم ہمتی دکھاتے ہیں، اس لیے ضروری معلوم ہوا کہ حفاظت زبان کے موضوع پر قدرے تفصیل سے لکھا جائے۔

 انسان کے اعضاء میں زبان بھی ہے، لیکن اس کو بنسبت دوسرے اعضاء کے خاص قسم کی اہمیت حاصل ہے، اعضاء انسانی میں زبان سب سے اچھی چیز ہے اور سب سے بری چیز بھی ہے، اللہ کا نام زبان سے لیا جاتا ہے، اسلام کا کلمہ اسی سے پڑھا جاتا ہے، قرآن کی تلاوت اسی سے ہوتی ہے، خیر کی دعوت اسی سے دی جاتی ہے اور دوسرے اعضاء سے جونیکیاں ہوتی ہیں ان میں بھی عموماً کسی نہ کسی طرح زبان کی شرکت ہوتی ہے۔

 اور اس کے برعکس زبان ہی سے کفر کا کلمہ نکلتا ہے اور شرکیہ الفاظ صادر ہوتے ہیں اور اسی سے گالی دی جاتی ہے، لعنت کی جاتی ہے، غیبت کی جاتی ہے، چغلی ہوتی ہے، جھوٹ بولاجاتا ہے، جھوٹی قسم کھائی جاتی ہے، جھوٹی گواہی دی جاتی ہے۔

 ٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

Rangonoor Web Designing Copyrights Khabarnama Rangonoor