Bismillah

694


۱۰رمضان المبارک۱۴۴۰ھ

خواتین اسلام سے رسول اکرمﷺ کی باتیں (شمارہ 685)

خواتین اسلام سے رسول اکرمﷺ کی باتیں

(شمارہ 685)

آنحضرتﷺ نے حمام میں غسل کرنے کی ممانعت کے بعد دوسری نصیحت یہ فرمائی کہ جو شخص اللہ پر اورآخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو کسی ایسے دستر خوان پر نہ بیٹھے جس پر شراب کا دور چل رہا ہو، ہمارے اس زمانہ میں جس طرح بے پردگی کو لوازم ترقی میں داخل کرلیا ہے اور اس کے لیے مغربیت زدہ مجتہدین ایڑی چوٹی کازور لگارہے ہیں کہ کسی طرح بے پردگی عام ہوجائے، اسی طرح بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہونے والے لوگ جو یورپ اور امریکہ کے ماحول میں کچھ دن گزار چکے ہیں، شراب کے پینے اور پلانے کو پارٹیوں اور دعوتوں کو جزواعظم بنائے ہوئے ہیں، ان لوگوں کو سیدنا محمد رسول اللہﷺ کے اتباع میں ترقی نظر نہیں آتی بلکہ یورپ اور امریکہ کے بے حیا انسانوں کی تقلید میں عروج سمجھتے ہیں۔ اللہ کے رسول ﷺ نے تو یہ فرمایا کہ جس دستر خوان پر شراب کا دور چل رہا ہو اس پر مت بیٹھو اور ان مدعیان دین و دانش کا یہ حال ہے کہ اسلامی جمہوریہ اور دینی حکومت کے نام پر جو دعوتیں کرتے ہیں ان کو بھی شراب کے ذریعہ رنگین کئے بغیر باز نہیں رہتے۔

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی لعنت ہے شراب پینے والے پر اوراس کے پلانے والے پر اور اس کے بیچنے والے پر اور اس کے خریدنے والے پر اوراس کے بنانے والے پر اور اس کو اٹھاکر دوسری جگہ لے جانے والے اور جس کے پاس لے جائے اس پر بھی۔( ابو دائود شریف، ابن ماجہ)

ایک حدیث میں ارشاد ہے:

ولاتشرب الخمر فانھا مفتاح کل شر

 شراب مت پی کیونکہ وہ ہربرائی کی کنجی ہے۔( مشکوٰۃ شریف)

یہ ہر برائی کی کنجی ان لوگوں میں جو دنیا کے اعتبار سے اونچے طبقہ میں شمار ہیں خوب پی اور پلائی جاتی ہے اور ہر برائی کا ان لوگوں سے ظہور ہوتا رہتا ہے اور ان پر جو اللہ کی لعنت برستی ہے ان سے بچنے کا ذرا بھی خیال نہیں کرتے۔

 سفر میں عورت کے جان ومال اور عفت کی حفاظت کے لئے شریعت کا ایک تاکیدی حکم

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدسﷺ نے ارشاد فرمایا : کسی بھی عورت کے لیے جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتی ہو یہ حلال نہیں ہے کہ محرم کے بغیر ایک دن ایک رات کی مسافت کا سفر کرے۔( بخاری :ص ۱۴۸ج۱)

اس حدیث میں مسلمان عورت کو ایک بہت ہی اہم حکم دیاگیا ہے اور وہ یہ کہ ایک دن رات کی مسافت کا سفر بغیر محرم کے نہ کرے، بعض روایات میں محرم کے بغیر مطلق سفر کی ممانعت بھی وارد ہوئی ہے اور بعض روایات میں ہے کہ عورت کو تین دن تین رات کا سفربغیر محرم کے ممنوع ہے، احتیاط کا تقاضا تو یہی ہے کہ قریب کا سفر ہو یا دور کا عورت بغیر محرم کے نہ جائے خصوصاً اس زمانہ میں جوفتنوں کا زمانہ ہے ، لیکن دیگر احادیث کے پیش نظر ایسے سفر کے لیے بغیر محرم کے چلے جانے کی گنجائش ہے جو تین دن تین رات کی مسافت سے کم ہو۔

واضح رہے کہ ایک دن ایک رات کی مسافت سے سولہ میل اورتین دن اور تین رات کی مسافت سے ۴۸ میل مراد ہے، عہد نبوت میں چونکہ اونٹوں پر سفر ہوتا تھا اور روزانہ ایک منزل قطع کرتے تھے جو سولہ میل کی ہوتی تھی، اس لیے سفر کی مسافت کو ایک دن ایک رات یا تین دن تین رات کی مسافت کہہ کر بتایا کرتے تھے،تیز رفتار کار سے سفر کرے یا ریل سے یا ہوائی جہاز سے ۴۸ میل(۷۷ کلو میٹر) کا سفر عورت کے لیے بغیر محرم یا بغیر شوہر کے حلال نہیں ہے اور اس سے کم سفر ہو تو گنجائش ہے مگر بچنا اس سے بھی بہر حال اولیٰ ہے،کیونکہ مطلق سفر اور ایک دن ایک رات کے سفر کی بھی ممانعت روایات حدیث میں وارد ہوئی ہے جیسا کہ اوپر بیان ہوا۔

 علامہ شامیؒ کتاب الحج میں البحرا لرائق سے نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ جو سفر تین دن تین رات کی مسافت سے کم ہو کوئی حاجت درپیش ہونے کی صورت میں اس کے لیے بغیر محرم کے چلے جانا جائز ہے ، پھر لکھتے ہیں کہ حضرت امام ابو حنیفہ اور امام ابو یوسف رحمہما اللہ تعالیٰ سے مروی ہے کہ ایک دن کی مسافت کے لیے بھی بغیر محرم یا شوہر کے سفر میںنکلنے کو مکروہ قرار دیتے تھے، اس کے بعد لکھتے ہیں:

اور چاہیے کہ فتویٰ اسی پردیا جائے( کہ ایک دن کے سفر کے لیے بھی عورت کو محرم یا شوہر کے بغیر سفر میں نکلنے کی ممانعت ہو) کیونکہ اس زمانہ کے لوگ بگڑ گئے ہیں اور بخاری و مسلم کی حدیث اس کی تائید کرتی ہے جس میں یہ مضمون وارد ہوتا ہے کہ جو عورت اللہ پر اورآخرت کے دن پر ایمان رکھتی ہو اس کے لیے حال نہیں ہے کہ ایک دن ایک رات کاسفر بغیرمحرم کے کرے اور مسلم کی ایک روایت میں بجائے’’یوم ولیلۃ ‘‘ صرف لیلۃ بھی آیا ہے اور ایک روایت میں صرف یوم بھی آیا ہے۔

٭…٭…٭

رنگین صفحات کے مضامین

  • رنگ و نور ۔ سعدی کے قلم سے
  • Rangonoor English
  • Message Corner
  • رنگ و نور پشتو ترجمہ
  • کلمۂ حق ۔ مولانا محمد منصور احمد
  • السلام علیکم ۔ طلحہ السیف
  • قلم تلوار ۔ نوید مسعود ہاشمی
  • نقش جمال ۔ مدثر جمال تونسوی
  • سوچتا رہ گیا ۔ نورانی کے قلم سے

Alqalam Latest Epaper

Alqalam Latest Newspaper

Rangonoor Web Designing Copyrights Khabarnama Rangonoor